1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
جرائمامریکہ

فلم ’رسٹ‘ کے پروڈیوسر ایک لاکھ ڈالر جرمانہ ادا کرنے پر تیار

25 فروری 2023

امریکی فلم کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر اصل گولی چل جانے سے خاتون سینماٹوگرافر ہالینا ہچنز ہلاک ہو گئی تھیں۔ اس فلم کے مرکزی اداکار الیک بالڈون کو غیر ارادی قتل کے الزامات کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/4NyNu
Alec Baldwin bei Dreharbeiten zu "Rust"
تصویر: Santa Fe County Sheriff's Office/dpa/picture alliance

امریکی فلم ''رسٹ‘‘ کے پروڈیوسرز نے اس  فلم کے سیٹ پر حفاظت کی ''سنگین‘‘ خلاف ورزیوں کے لیے ایک لاکھ ڈالر جرمانہ ادا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ گزشتہ برس اس فلم کے سیٹ پر اصل گولی چل جانے کی وجہ سے وہاں موجود سینماٹوگرافر ہالینا ہچنز ہلاک ہو گئی تھیں۔

Alec Baldwin | bei den Dreharbeiten zm Film Rust
امریکی اداکار الیک بالڈون تصویر: Santa Fe County Sheriff's Office/ZUMAPRESS/picture alliance

ریاست  نیو میکسیکو کے ورکر سیفٹی بیورو نے رسٹ مووی پروڈکشنز(آر ایم پی) کے خلاف اپنا زیادہ سے زیادہ جرمانہ عائد کیا تھا۔ ریاست کے پیشہ ورانہ صحت اور حفاظتی بیور( او ایچ ایس بی) نے ایک بیان میں کہا،''آر ایم پی نے سیٹ پر آتشیں اسلحے کا استعمال کرتے وقت ملازمین کو ڈسچارج راؤنڈز یا پروجیکٹائل کے رحم وکرم پر چھوڑ کر  کام کی جگہ کے لیے متعین حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی کی۔‘‘

او ایچ ایس بی کے ساتھ تصفیے کے تحت رسٹ مووی پروڈکشن کے جرمانے کو نیو میکسیکو میں ایک دہائی سے زائد عرصے میں کام کی جگہ کی حفاظت کی خلاف ورزی پر عائد کیا گیا سب سے بڑا جرمانہ قرار دیا گیا۔  لیکن  انہیں جرمانے کی  اصل رقم میں سے ساڑھے چھتیس ہزار ڈالر کی چھوٹ دی گئی۔

بالڈون پر غیرارادی قتل کا الزام

اداکار ایلک بالڈون ونٹیج کولٹ  پوائنٹ 45 ریوالور کا استعمال کر رہے تھے، جب اس میں سے نکلی ہوئی  ایک گولی سے ہچنز ہلاک اور ڈائریکٹر جوئل سوزا زخمی ہوئیں۔ سوزا اس وقت ہچنز کے پیچھے کھڑی تھیں۔

سینماٹوگرافر ہالینا ہچنز کی یاد میں موم بتیاں روشن کی جا رہی ہیںتصویر: Mostafa Bassim Adly/AA/picture alliance

بالڈون نے بارہا کہا ہےکہ انہیں فلم کے عملے نے بتایا تھا کہ بندوق لوڈ نہیں کی گئی تھی اور  بالڈون  نے پہلے یہ اصرار بھی کیا تھا کہ انہوں  نے ٹریگر نہیں دبایا حالانکہ ایف بی آئی کے آتشیں اسلحہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ یہ ممکن نہیں ہے۔

فلم انڈسٹری کے ہتھیاروں کے ایک نگران اور ''رسٹ‘‘ کے سیٹ پر کام کرنے والی  ہنا گٹیریز ریڈ جمعہ کو عدالت میں پیش ہوئیں۔ انہوں نے آتشیں اسلحہ کی تربیت کے لیے مناسب وقت فراہم کرنے میں ناکامی اس  فلم کے پروڈیوسرز کو تنقیدکا نشانہ بنایا۔ ریڈ پر بھی غیر ارادی قتل کا الزام  عائد کیا گیا ہے۔ ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ وہ قصوروار نہ ہونے کی استدعا کریں گی۔

ریڈ نے پہلے او ایچ ایس بی کو بتایا تھا کہ  یہ ہو سکتا ہے کہ بالڈون کے کم علم اور ریوالور کے  ناقص طریقہ استعمال کی وجہ سے حادثاتی طور پر گولی چلی، جس سے ہچنز ہلاک ہو گئیں۔

Hannah Gutierrez-Reed Rust Waffenexpertin Filmwaffen
فلم انڈسٹری کے ہتھیاروں کی ایک نگران اور ''رسٹ‘‘ کے سیٹ پر کام کرنے والی  ہنا گٹیریز ریڈ کو بھی غیر ارادی قتل کے الزامات کا سامنا ہےتصویر: CAPITAL PICTURES/picture alliance

بالڈون کا کہنا ہے کہ انہوں نے ریوالور لوڈ کیا لیکن انہوں نے کبھی ٹریگر نہیں دبایا اور یہ گٹیریز ریڈ اور دیگر ہتھیاروں کے پیشہ ور افراد کا کام تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ریوالور لوڈ نہیں۔ بالڈون کو غیر ارادی قتل کے الزامات کا سامنا ہے، جس پر انہوں نے جمعرات کو قصوروار نہ ہونے کی استدعا کی تھی۔

ش ر ⁄ (اے پی، روئٹرز)