1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روسی سرماٹ میزائل کیا ہیں اور یہ کتنے خطرناک ہیں؟

23 اپریل 2022

روس نے موسم خزاں کے ختم ہونے تک سرماٹ بین البراعظمی بیلیسٹک میزائل نصب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ جدید روسی میزائل جوہری صلاحیت کے حامل ہیں اور امریکہ میں بھی اہداف کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4AKoy
Russland I Raketentest Sarmat
تصویر: Russian Defence Ministry/AFP

سرماٹ بیلیسٹک میزائل کے اہداف کے بارے میں تفصیلات روس کے خلائی ادارے روسکاسموس کے سربراہ دیمیتری روگزین نے فراہم کی ہیں۔ ان میزائل کا ابتدائی ٹیسٹ گزشتہ بدھ بیس اپریل کو کیا گیا تھا۔ اس آزمائش سے قبل تکنیکی مسائل اور مالیات کی کمی کی وجہ سے اولین ٹیسٹ کو مؤخر کیا جاتا رہا ہے۔

روس کا نیا بیلسٹک میزائل ہمارے اتحادیوں کے لیے خطرہ نہیں ہے، امریکہ 

مغربی عسکری تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اس میزائل  کے بارے میں ابھی مزید تفصیلات کا سامنے آنا باقی ہے۔ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے اس میزائل کو ایس ایس ایکس انتیس اور تیس (SS-X29 & 30) کا نام دے رکھا ہے۔ کئی دوسرے عسکری ماہرین اس میزائل کے لیے سپر ہیوی بیلیسٹک میزائل کی ترکیب استعمال کرتے ہیں۔

Russland Symbolbild Atomwaffen Sipri
روسی سرماٹ بین البراعظمی میزائلتصویر: RU-RTR Russian Television/AP/picture alliance

سرماٹ میزائل کی صلاحیت

اس میزائل کا نام سائبیرین یونانی نژاد دیو ملائی کردار سرماٹین سے ماخوذ ہے۔ اس کو بعض مغربی ماہرین شیطان ثانی (Satan-II) کا نام بھی دیتے ہیں۔ اس بین البراعظمی میزائل پر دس یا اس سے زیادہ جوہری ہتھیار ایک ہی وقت میں نصب کیے جا سکتے ہیں۔ یہ سارے یورپ اور امریکہ میں ہزاروں کلومیٹر کی دوری تک اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

اس میزائل کا تجربہ ماسکو حکومت نے یوکرین پر فوجی چڑھائی اور جاری جنگ کے دوران کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے درمیان سن 1962 کے بعد کشیدگی کی سطح انتہائی بلند ہو چکی ہے۔

روسکاسموس کے سربراہ دیمیتری روگزین نے مزید بتایا کہ ان میزائلوں کو پہلے سے سابقہ سوویت دور کے تیار کردہ ووئیودا میزائل کی جگہ نصب کیا جائے گا۔ سرماٹ کی تنصیب ماسکو کے مشرق میں قریب تین ہزار کلومیٹر یا اٹھارہ سو ساٹھ میل دور سائبیریا کے مقام کراسنویارسک کے قریب کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ایک فوجی یونٹ بھی متعین کیا جائے گا۔

Russland I Raketentest Sarmat
بیس اپریل سن 2022 کو سرماٹ میزائل کا اولین تجربہ کامیاب رہا تھاتصویر: Russian Defence Ministry/AFP

جوہری جنگ کی تشویش

روس کے خلائی ادارے کے سربراہ دیمیتری روگزین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس سُپر ہتھیار کے تنصب سے اگلے تیس سے چالیس برسوں کے لیے روسی بچوں اور اس کے بعد کی نسل کو سلامتی کی ضمانت میسر ہو جائے گی۔

یوکرین: روس کا جنگ میں پہلی مرتبہ ہائپر سونک میزائل استعمال کرنے کا دعویٰ

دوسری جانب یورپ میں جوہری جنگ کی تشویش مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ یہ تشویش روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کی جانب سے یوکرین پر رواں برس چوبیس فروری کو فوجی چڑھائی کے بعد پیدا ہوئی۔ پوٹن یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ کوئی بھی روس کے راستے کو روکنے کی کوشش کرے گا تو اسے ایسی قیمت چکانا پڑے گی، جو تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی ہو گی۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے کہا ہے کہ کل تک جوہری تنازعہ ایک بھولا ہوا معاملہ تھا لیکن یوکرین جنگ نے اس کے امکان کو حقیقت کے قریب لاکھڑا کیا ہے۔

ع ح/ اا (روئٹرز)