1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایلون مسک بھارت کا دورہ منسوخ کر کے چین پہنچ گئے

29 اپریل 2024

ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک اتوار کو ایک غیر اعلانیہ دورے پر بیجنگ پہنچے، جہاں انہوں نے وزیراعظم لی چیانگ سے بھی ملاقات کی۔ گزشتہ ہفتے ہی مسک نے بھارت کا اپنا طے شدہ دورہ اچانک منسوخ کر دیا تھا۔

https://p.dw.com/p/4fHe7
ایلون مسک اتوار کو ایک غیر اعلانیہ دورے پر بیجنگ پہنچے، جہاں انہوں نے وزیراعظم لی چیانگ سے بھی ملاقات کی
ایلون مسک اتوار کو ایک غیر اعلانیہ دورے پر بیجنگ پہنچے، جہاں انہوں نے وزیراعظم لی چیانگ سے بھی ملاقات کیتصویر: Wang Ye/AP/picture alliance

ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک ایک غیر اعلانیہ دورے پر اتوار کے روز بیجنگ پہنچے، جہاں وہ سیلف ڈرائیونگ (ایف ایس ڈی) سافٹ ویئر لانچ کرنے اور ڈیٹا کو بیرون ملک منتقل کرنے کی اجازت کے حوالے سے چین کے سینیئر حکام کے ساتھ بات چیت کریں گے۔

چین کے سرکاری میڈیا نے بتایا کہ یہ ملاقات بیجنگ میں ہوئی۔ اس دوران لی چیانگ نے ایلون مسک کو بتایا کہ چین میں ٹیسلا کی ترقی کو امریکہ چین اقتصادی اور تجارتی تعاون کی کامیاب مثال قرار دیا جا سکتا ہے۔

ایلون مسک کا ’ٹیسلا کی بھاری ذمہ داریوں‘ کی وجہ سے بھارت کا دورہ ملتوی کرنے کا اعلان

'مودی حکومت کے حکم پر عمل ہو گا، تاہم اس سے متفق نہیں ہیں‘

لی چیانگ، چینی صدر شی جن پنگ کے بعد ملک کے دوسرے سب سے بااثر رہنما ہیں۔ ایلون مسک نے وزیراعظم کے ساتھ اپنی ملاقات کی تصدیق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے کی۔

ایلون مسک نے لی چیانگ کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کی اور لکھا،''وزیر اعظم سے ملاقات ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ہم شنگھائی کے ابتدائی دنوں سے اب ایک دوسرے کو کئی سالوں سے جانتے ہیں۔‘‘

ٹیسلا نے چین کے ساتھ شنگھائی میں ایک پلانٹ کے لیے معاہدہ کیا تھا، جو کہ سن 2018 میں امریکہ کے باہر پہلا پلانٹ تھا۔

خیال رہے کہ امریکی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے چار سال قبل اپنے آٹو پائلٹ سافٹ ویئر کا سب سے خود مختار ورژن فل سیلف ڈرائیونگ یا ایف ایس ڈی متعارف کرایا تھا لیکن صارفین کی جانب سے زبردست مانگ کے باوجود یہ ابھی تک چین میں دستیاب نہیں ہو سکا ہے، جو کہ بین الاقوامی سطح پر دوسری سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔

ایلون مسک نے کہا کہ اس ماہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ ٹیسلا چین میں صارفین کو ''بہت جلد‘‘ ایف ایس ڈی دستیاب کرا سکتا ہے۔

دوسری طرف حریف چینی کار ساز کمپنیاں بھی اسی طرح کے سافٹ ویئر کو تیار کرکے ٹیسلا پر سبقت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

جرمنی: ٹیسلا گاڑیوں کے مخلص صارف

بھارت کا دورہ منسوخ

ایلون مسک کا چین کا یہ دورہ بھارت کے مجوزہ دورے کی منسوخی کے کوئی ایک ہفتے بعد کر رہے ہیں۔ وہ نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے والے تھے۔

اپنا دورہ اچانک منسوخ کرنے کی اطلاع انہوں نے سوشل میڈیا پر دیتے ہوئے کہا ''ٹیسلا کی بہت بھاری ذمہ داریو ں کی وجہ سے‘‘ انہیں ایسا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے تاہم کہا تھا کہ وہ اس سال کسی وقت بھارت کا دورہ کریں گے۔

کمپنی نے اس ماہ کہا تھا کہ وہ اپنے عالمی افرادی قوت میں دس فیصد کی کمی کرے گی کیونکہ اسے کاروں کی گرتی ہوئی فروخت اور چینی برانڈز والے الیکٹرک کاروں کے قیمت جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

ٹائٹل: ایلون مسک انٹرنیٹ تک رسائی کے بادشاہ ہیں؟

ج ا/      (روئٹرز)